شمسی سوسائٹی 267

کراچی: شمسی سوسائٹی کے گھر میں ماں اور 3 بیٹیوں کا قتل

کراچی کے الفلاح تھانے کی حدود میں واقع شمسی سوسائٹی کے ایک گھر میں پر تشدد واقعے میں ماں اور اس کی 3 بیٹیوں کو قتل کردیا گیا جبکہ باپ شدید زخمی ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق مقتولین کا خاندان اس علاقے میں پہلی منزل پر کرائے پر مقیم تھا۔

پولیس کے مطابق گھر سے خاتون اور اس کی 3 بیٹیوں کی خون میں لت پت لاشیں ملی ہیں۔

مقتولین کو تیز دھار آلے کے وار کر کے قتل کیا گیا جبکہ مقتولہ خاتون کے خاوند کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

جائے وقوعہ سے آلۂ قتل خون آلود چھری بھی پولیس نے قبضے میں لے لی ہے۔

قتل کیے گئے افراد میں زخمی فواد کی اہلیہ ہماء، 16 سالہ نیہا، 12 سالہ بچی فاطمہ اور 10 سالہ بچی ثمرہ شامل ہیں۔

واقعہ مقتول خاندان کا اندرونی معاملہ ہے

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کورنگی ساجد امیر سدوزئی کے مطابق واقعہ مقتول خاندان کا اندرونی معاملہ ہے۔ جس میں مبینہ طور پر زخمی ہونے والا شخص ہی 4 افراد کے قتل کا ملزم ہے۔

ساجد امیر سدوزئی کے مطابق مقتولین میں ملزم فواد کی اہلیہ اور اس کی تین بچیاں شامل ہیں۔

ملزم فواد مصالحہ کمپنی میں سیلز منیجر ہے جس نے مبینہ طور پر اپنی اہلیہ اور تین بچیوں کو قتل کر کے خودکشی کرنے کی کوشش کی۔

ساجد امیر سدوزئی کے مطابق واردات کے بعد کمرے کی کنڈی اندر سے بند تھی جس سے شبہ ہے کہ یہی ملزم اصل واردات کرنے والا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں