ہنگامی صورتحال 297

ہنگامی صورتحال، چاروں صوبوں میں پاک فوج تعینات کر دی گئی

وزارت داخلہ نے ہنگامی صورتحال کے پیش نظر چاروں صوبوں میں پاک فوج تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

وزارت داخلہ نے شدید بارشوں اور سیلاب کی ہنگامی صورتحال کے پیش نظرسویلین حکومت کی مدد کیلئے چاروں صوبوں میں فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن میں کہا کہ آرٹیکل 245 کے تحت فوجی دستے صوبوں میں تعینات کیے جارہے ہیں-

نوٹیفکیشن کے مطابق وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں میں فوج کے دستے تعینات کرنے کی سمری کی منظوری وفاقی کابینہ سے لی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صوبوں کی ریکوزیشن پر فوج کے دستے بارشوں اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے کاموں میں معاونت کرے گی۔

وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے اس موقعے پر کہا کہ آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت سویلین حکومت کی ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشنز میں مدد کیلئے پاک فوج کی تعیناتی کی جا رہی ہے، فوج کو چاروں صوبوں کے سیلاب سے آفت زدہ علاقوں میں تعینات کیا جا رہا ہے۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے ڈیرہ غازی خان ضلع میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک افواج تعینات کی ریکوزیشن کی ہے، حکومت خیبر پختونخواہ نے ڈیرہ اسماعیل خان ضلع میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فوج تعینات کی ریکوزیشن کی ہے۔

حکومت بلوچستان نے نصیر آباد، جھل مگسی، صحبت پور، جعفر آباد اور لسبیلہ اضلاع میں فوج کی تعیناتی کیلئے ریکوزییشن کی ہے جبکہ سندھ حکومت نے سیلابی علاقوں میں صوبائی حکومت کی مدد کیلئے فوج تعینات کرنے کیلئے ریکوزیشن وزارت داخلہ بھیجی ہے۔

وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ وزارت داخلہ میں قائم کنٹرول روم سے سیلاب کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے، سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے، انسانی زندگیاں بچانا اولین ترجیح ہے، وفاقی حکومت تمام صوبوں کو ضروری انسانی اور مالی وسائل فراہم کر رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں