حکومت 225

حکومت کا شادی ہالز رات 10 بجے جبکہ مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ

حکومت نے توانائی بچت قومی پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے شادی ہالز رات 10، مارکیٹیں 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کفایت شعاری کی پالیسی دی جا رہی ہے، اس حوالے سے بنائی گئی کمیٹی میں سیکریٹری پاور، وزیرِ دفاع سمیت دیگر وزراء شامل ہیں۔

وزیرِ دفاع نے بتایا کہ شادی ہالز کو 10 بجے تک محدود کر دیا جائے گا جبکہ ریسٹورنٹس، ہوٹل اور مارکیٹیں 8 بجے بند کر دی جائیں گی، اس عمل سے 62 ارب روپے کی بچت ہو گی۔

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بتایا کہ قوم کو اپنے آپ کو محدود وسائل تک محدود کرنا پالیسی کا حصہ ہے، حکومتی اداروں میں 20 فیصد لوگ گھروں سے کام کریں گے، توانائی پالیسی سے متعلق صوبوں سے رائے لیں گے۔

وزیرِ دفاع نے کہا کہ ساری دنیا میں شام 6 بجے مارکیٹیں بند ہو جاتی ہیں، جمعرات تک پالیسی فائنل کر لی جائے گی، صوبوں سے مشاورت کے بعد پالیسی فائنل ہو گی، 4 سیکریٹری اور 10 وزراء اس کمیٹی میں شامل ہیں، سرکاری اداروں میں 20 فیصد افرادی قوت گھر سے کام کرے تو 56 ارب روپےکی بچت ہو گی۔

وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پرانے پنکھے 120 سے 130 واٹ بجلی استعمال کرتے ہیں، نئے پنکھے تقریباً 40 سے 60 واٹ بجلی استعمال کرتے ہیں، ان پنکھوں کے استعمال سے 15 ارب روپے کی بچت ہو گی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ایل ای ڈی بلبوں کے استعمال سے 23 ارب روپے کی بچت ہوگی، گھروں میں پنکھے اور ایئرکنڈیشنڈ کے استعمال میں بچت سے 8 سے 9 ہزار میگا واٹ بجلی بچائی جاسکتی ہے، کپیسٹی پے منٹس کی مد میں 28 ارب بلین ماہانہ بچت ہوگی۔

69 فیصد پانی زراعت میں استعمال ہوتا ہے، گیس فراہم کرنے والی کمپنیاں گیزر کے لیے بچت کے آلات فراہم کریں گی، اس سے 92 ارب روپے سالانہ کی بچت ہو گی، متبادل اسٹریٹ لائٹس جلانے سے 4 ارب روپے کی بچت ہو گی۔

حکومت ای بائیکس متعارف کرانے جا رہے ہیں، الیکٹرک بائیکس کی درآمد شروع ہو چکی ہے، محدود مدت کے اندر یہ موٹر سائیکلیں مارکیٹ میں آ جائیں گی، موٹر سائیکل کمپنیوں کے ساتھ اس حوالے سے بات چیت جاری ہے، ای بائیکس آنے سے 86 ارب روپے کی بچت ہو گی۔

پوری قوم وزیرِ خارجہ کی کوششوں پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، وزیرِ اعظم نے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو کے بیان کی توثیق کی ہے، بلاول بھٹو زرداری نے پوری پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کی۔

انہوں نے توشہ خانہ کیس سے متعلق بات کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ توشہ خانے میں کسی قسم کی بے ضابطگی کے راستے کو ہمیشہ کے لیے بند کر دیا گیا ہے، یہ لمبی اسٹوری ہے، آنے والے دنوں میں توشہ خانے کی فلم چلتی رہے گی، کمیٹی نے توشہ خانے سے متعلق رپورٹ بنائی ہے، توشہ خانہ کے دروازے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں