وزیر اعظم کا سیلاب متاثرین کیلئے 15 ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان 263

وزیر اعظم کا سیلاب متاثرین کیلئے 15 ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے 15 ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو متاثرین کی بحالی کے لیے15 ارب دیئے جارہے ہیں، آخری گھرانے کے آباد ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج سندھ میں بی آئی ایس پی کے ذریعے24ہزارفی گھرانہ دیئےجارہےہیں، مستحق گھرانوں کو شفاف طریقے سے امداد پہنچائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ این ڈی ایم اے صوبائی حکومت کو ہر ممکن مددفراہم کریگی جبکہ افواج پاکستان متاثرین کی مدد کےلیے دن رات کام کررہی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا مسئلہ دیہاتوں سے پانی نکالنا ہے، بارش اورسیلاب سے اتنے بڑے پیمانے پر تباہی کا سوچا بھی نہیں جاسکتا تھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ سندھ میں سیلاب اور بارشوں سے گھر تباہ ہو گئے، پورے پورے دیہات پانی کی نذر ہو گئے، سیلاب سے شدید تباہی ہوئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ بارشوں اور سیلاب سے تباہ کاریوں کا فضائی جائزہ لیا، فضائی جائزے کےدوران ایسے لگا جیسے ہرجگہ دریائے سندھ پھیلا ہوا ہے۔

سیلاب متاثرین کے عطیات کیلیے وزیراعظم فلڈ ریلیف 2022 کا شارٹ کوڈ جاری کردیا گیا ہے۔

پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) نے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ شہری موبائل فون سے “فنڈ” لکھ کر 9999 پر ایس ایم ایس بھیج کر 10 روپے عطیہ کرسکتے ہیں۔

پی ٹی اے کا نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ تمام آپریٹرز جمع ہونے والے عطیات سے این ڈی ایم اے کو مطلع کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں