پی ٹی آئی 210

پی ٹی آئی ارکان کے استعفے اکٹھے منظور نہیں ہوسکتے، اسپیکر

(پی ٹی آئی) کے ارکان قومی اسمبلی کا کل اسپیکر کے سامنے پیش ہونے کا امکان ہے، جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان کے استعفے اکٹھے منظور نہیں ہو سکتے۔

پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کی استعفوں کی تصدیق سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات ہوئی۔ شبلی فراز نے پی ٹی آئی کے استعفوں سے متعلق پارٹی فیصلے سے اسپیکر کو آگاہ کیا۔

شبلی فراز نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام ایم این ایز کے استعفے ایک ساتھ منظور کیے جائیں، جواب میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔

اسپیکر استعفوں کے معاملے کا شکور شاد کے استعفے کے تناظر میں بھی جائزہ لے رہے ہیں، شکور شاد استعفیٰ منظوری کے خلاف عدالت گئے اور اسے دباؤ کا نتیجہ قرار دیا تھا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے جواب دیا کہ پی ٹی آئی ممبران کے استعفے اکٹھے منظور نہیں ہوسکتے، پی ٹی آئی کے متعدد ارکان استعفے نہ منظور کرنے کی درخواست کر چکے ہیں۔

اسپیکر نے موقف دیا کہ قانون میں بے خوف ہوکر بغیر کسی دباؤ کے استعفے دینے کا ذکر ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر ہاتھ سے لکھے استعفے کے بعد اسپیکر کا مطمئن ہونا ضروری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں